میسورو5مئی(ایس او نیوز؍یواین آئی) کانگریس نے نرسمہاراجہ اسمبلی حلقے کے ایس ڈی پی آئی امیدوار عبدالمجید کے خلاف وزیراعلیٰ سدرامیا کی تصویر کے مبینہ طورپر غلط استعمال اور ان کا آشیرواد حاصل ہونے کی جھوٹے دعوے پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ۔ڈپٹی کمشنر اے جی شنکر جو میسورو ضلع میں انتخابی افسر بھی ہیں کو لکھے گئے خط، جس میں تلنگانہ کانگریس ترجما ن ایچ اے وینکٹیش نے کہاکہ مجید نے مبینہ طور پرسدرامیا کی تصویر کا اپنی مہم کے دوران غلط استعمال کیا اور عوام کو گمراہ کیا ہے کہ انہیں وزیراعلیٰ کا آشیرواد حاصل ہے ۔سدرامیا کی تصویر کے استعمال کے علاوہ مجید نے مبینہ طورپر پلے کارڈ پر یہ تحریر کیا کہ وزیراعلیٰ چاہتے ہیں کہ عبدالمجید ، این آرمحلہ میسورو کے اگلے ایم ایل اے بنیں۔ایس ڈی پی آئی چاہتی ہے کہ سدرامیا کرناٹک کے اگلے وزیراعلیٰ ہوں۔کانگریس نے کہاکہ پارٹی نے موجودہ رکن اسمبلی تنویر سیٹھ کو امیدوار بنایا ہے ۔صرف کانگریس ہی اپنی مہم کے دوران اپنے لیڈران کی تصویروں کا استعمال کرسکتی ہے ۔ کانگریس نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ سدرامیا کی تصویر کو مبینہ طورپر غلط استعمال کرتے ہوئے مجید نے نہ صرف انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی بلکہ عوامی نمائندگان ایکٹ کی بھی خلاف ورزی کی ہے ۔کانگریس نے مجید کو انتخابی دوڑ سے نااہل قرار دینے پر زور دیا ہے۔